ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کرناٹک میں کورونا کے 308 نئے کیس، بنگلورو میں مزید 3 ؍ اموات

کرناٹک میں کورونا کے 308 نئے کیس، بنگلورو میں مزید 3 ؍ اموات

Tue, 09 Jun 2020 11:04:01    S.O. News Service

بنگلورو،9؍جون (ایس او نیوز) کرناٹک میں گزشتہ 24 ؍ گھنٹوں کے دوران مزید 308 کورونا وائرس متاثرین کی نشاندہی ہوئی ہے جس کے ساتھ ہی ریاست میں متاثرین کی تعداد 5760 تک جا پہنچی ۔ اس طرح گزشتہ 24 ؍ گھنٹوں کے دوران 387 متاثرین صحت یاب ہو کر اسپتالوں سے رخصت ہوئے ۔ جبکہ بنگلورو میں مزید 3 ؍اموات سے ریاست میں اب تک مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 64 تک پہنچ گئی۔ریاست بھر کے مختلف کووڈ اسپتالوں میں 3175 متاثرین زیر علاج ہیں۔ نئے متاثرین میں سے 2776 متاثرین بین ریاستی مسافر اور ایک بین الاقوامی مسافر ہے۔

محکمہ صحت کی طرف سے جاری بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ ریاست میں ایسے مرحلے میں جبکہ عبادت گاہیں کھولیں گئی ہیں، اس کے ساتھ ہی شاپنگ مالس، ہوٹلیں وغیرہ بھی کھول دی گئیں، ریاست میں بڑی تعداد میں کورونا وائرس متاثرین کی نشاندہی کا سلسلہ برقرار رہنا تشویش کا سبب بنا ہوا ہے۔

کرناٹک میں سب سے زیادہ معاملات کلبرگی سے 99  سامنے آئے ہیں، اس ضلع میں متاثرین کی تعداد 700 سے متجاوز ہوگئی۔ یادگیر میں 66 ، بیدر میں 48، اُڈپی میں 45، بنگلورو اربن میں 18، بیلاری میں 8، گدگ میں 6، شیموگہ میں 4، دھارواڑ میں 4، ہاسن میں 3، دکشن کنڑا میں 3، باگلکوٹ میں 2، کوپل اور رام نگرم میں 1،1 معاملہ سامنے آیا ہے۔

اس دوران کرناٹک میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں میں ان افراد کی تعداد کافی زیادہ ہے جو مہاراشٹرا سے لوٹے ہیں اس سلسلہ میں وزیر داخلہ بسوراج بومئی نے کہا کہ مہاراشٹرا سے آنے والوں کو روکنا ہی سے سے بڑا چیلنج بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہاں سے آنے والوں کو منظّم طور پر کوارنٹائن کرنے کے لئے انتظامات کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ممبئی اور مہاراشٹرا سے کرناٹک کے مختلف اضلاع واپس لوٹنے والوں پر اسی انداز سے نظر رکھی جارہی ہے جس طرح دہلی کے مرکز نظام الدین میں شرکت کرنے والے تبلیغیوں پر نظر رکھی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ تبلیغی جماعت سے وابستہ 850 ؍ افراد کو کوارنٹائن کیا گیاتھا۔ لیکن اب مہاراشٹرا کا مسئلہ کافی پیچیدہ ہوتا جارہا ہے۔


Share: